پلواما حملہ: ترکی نے پاکستان پرلگائے گئے بھارتی الزامات مسترد کردیے
ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اوغلو نے پلواما حملے سے متعلق پاکستان پر لگائے گئے بھارتی الزمات مسترد کردیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب میولوت چاوش اوغلو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، بات چیت میں پاک بھارت کشیدگی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفترخارجہ کے مطابق ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترکی پلواما حملے سے متعلق پاکستان پر لگائے گئے بھارتی الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
میولوت چاوش اوغلو کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل بات چیت سے نکالا جائے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔
ترک وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردگان ترکی میں انتخابات کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ 19 فروری کو وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو پیشکش کی تھی کہ بھارت کے پاس پلواما حملے کے ثبوت ہے تو پیش کرے کارروائی کریں گے اور واضح کیا بھارت نے پاکستان پرحملہ کیا توجواب دینے کا سوچیں گے نہیں بلکہ جواب دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت سے جب بھی مذاکرات کی بات ہوتی ہے وہ دہشت گردی کی بات کرتے ہیں، آئیں ہم دہشت گردی پر بھی بات کریں گے ،مسئلہ کشمیر پر بات ضرور ہوگی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.