میکسویل کی جارحانہ اننگز، بھارت کو ٹی ٹوئنٹی میں لگاتار دوسری شکست
میکسویل کی شاندار اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے مابین بنگلور کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا جس میں کوہلی الیون نے پہلے بیٹنگ کی۔
بھارت نے بیٹنگ کا آغاز اچھا کیا اور اُن کا پہلا کھلاڑی 61 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوا، 9 رنز اضافے کے بعد دھون بھی آؤٹ ہوئے اور پھر چار رنز اضافے کے بعد مہندرا سنگھ دھونی بھی پویلین روانہ ہوئے۔
بھارت کی وکٹیں بالترتیب 61، 70 ، 74 پر گریں، کپتان ویرات کوہلی نے 38 گیندوں پر 72 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی مگر وہ بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی باؤلرز اننگز کے آغاز پر آسٹریلوی ٹیم پر بھاری پڑے، کینگروز کا پہلا کھلاڑی 13 اور دوسرا 22 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوا تاہم ڈی جے ایم شارٹ نے جی جے میکسویل کے ساتھ محتاط انداز سے بلے بازی کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا اور وہ 40 کے انفرادی جبکہ 95 کے مجموعی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے۔
بعد ازاں میکسویل نے جارحانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کو بڑا سرپرائز دیا اور صرف 55 گیندوں پر 9 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 113 رنز بنا کر ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے میکسویل 113 جبکہ شارٹ 40 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ بھارتی باؤلر شنکر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے مقررہ اوورز سے دو گیندوں قبل ہدف مکمل کیا اور سات وکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔ شاندار کھیل پیش کرنے پر میکسویل کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا اعزاز دیا گیا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.