اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل سیزن فور کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی، آصف علی نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز کی جانب سے دیا جانے والا 169 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، عمر خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ ایک رن پر گری جب ڈیلپورٹ صفر پر پویلین لوٹ گئے، لک رونکی 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حسین طلعت کو ایک رن پر عمر خان نے اسٹمپڈ آؤٹ کیا۔

حسین طلعت اور فل سلت کے درمیان شاندار شراکت داری قائم ہوئی، آصف علی نے کیچ ڈراپ ہونے کے بعد 70 رنز کی اننگز کھیلی انہیں محمد عامر نے آؤٹ کیا، فل سلت 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، آل راؤنڈر فہیم اشرف نے 8 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کے اسپنر عمر خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عماد وسیم، محمد عامر اور عثمان شنواری نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دے دیا، رومان رئیس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی کنگز کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری جب کولن منرو 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، لیونگ اسٹون 56 رنز بنا کر شاداب خان کا نشانہ بنے، کولن انگرم 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، بین ڈنک 12 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم نے 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں فہیم اشرف نے آؤٹ کیا، عماد وسیم 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عامر یامین 3 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے، محمد عامر 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس نے تین وکٹیں حاصل کیں، لیگ اسپنر شاداب خان، عماد بٹ اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں دبئی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے، کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ ہمیں پہلے بیٹنگ کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔

کراچی کنگز اسکواڈ

عماد وسیم کپتان ہیں دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، بین ڈنک، کولن انگرم، افتخار، بابر اعظم، محمد عامر، عثمان خان شنواری، عامر یامین، لیام ڈوسن، عمر خان شامل ہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اسکواڈ

شاداب خان کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں دیگر کھلاڑیوں میں لک رانکی، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف، فل سلت، سمیٹ پٹیل، رومان رئیس، محمد موسیٰ، عماد بٹ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، اسپنر سندیپ لمی چانے کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.