سمجھوتہ ایکسپریس بحال، 190 مسافروں کو لے کر بھارت روانہ
پاک بھارت کشیدگی کے باعث بند ہونے والی سمجھوتہ ایکسپریس 190 مسافروں کو لے کر بھارت کے لیے روانہ ہوگئی، سمجھوتہ ٹرین کو گزشتہ جمعرات کو بند کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سمجھوتہ ایکسپریس بحال کردی گئی، پاک بھارت کشیدگی کے بعد پہلی ٹرین آج صبح 8 بجے براستہ واہگۃ بارڈر 190 مسافروں کو لے کر بھارت کے لیے روانہ ہوگئی۔
پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے سمجھوتہ ایکسپریس بند کی گئی تھی اور گزشتہ جمعرات کو بھارت جانے والی ٹرین تاحکم ثانی منسوخ کردی گئی تھی۔ سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین ہر پیر اور جمعرات کی صبح بھارت روانہ ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین کا آغاز 22 جولائی 1976 کو ہوا تھا۔ ٹرین کے مسافروں کا امیگریشن اور کسٹم واہگہ، پاکستان اور اٹاری، بھارت میں ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ مودی سرکار نے انتخابات میں اپنی جیت کے لیے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کو ہوا دے کر خطے میں جنگ کے شعلوں کو بھڑکانے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے خود بھارت میں انھیں شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستان کی سرحدی در اندازی، سرحدوں پر فائرنگ اور گولہ باری کے علاوہ بھارت نے جنگی طیارے بھیج کر دراندازی کی مذموم کوششیں بھی کی گئیں، جس کے نتیجے میں پاک فوج نے دو بھارتی جہاز بھی مار گرائے اور ایک پائلٹ کو زندہ پکڑا، جسے بعد ازاں رہا کر دیا گیا تھا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.