وزیر اعظم 30 مارچ کو لاہور سے جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے: وزیر ریلوے
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 30 مارچ کو لاہور سے جناح ایکسپریس چلے گی، وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔ ہم ایک نیا شہر آباد کریں گے، وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو ٹریک ٹھیک نہیں وہ پہلے ٹھیک کریں گے، ہم اسٹینڈرڈ ٹریک ڈالنے جا رہے ہیں، ریلوے میں جو بھی نیا ٹریک بچھائیں گے وہ اسٹینڈرڈ ٹریک ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم ایک اور نرسنگ اسپتال بنانے جارہے ہیں۔ 4 سال پہلے ہم نے اس کالج کی بنیاد رکھی تھی۔ چیف جسٹس صاحب کا شکریہ، ان کے فیصلے کے بعد تیزی آئی۔ اسپتال پاکستان کا سب سے جدید اسپتال ہوگا۔ نرسنگ ٹریننگ اسپتال کے لیے ٹینڈر الاٹ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نالہ لئی ہمارا اہم پراجیکٹ ہے، منصوبے کا ڈیزائن منتخب کرلیا گیا ہے۔ نالہ لئی کا منصوبہ شہر کا نقشہ بدل دے گا۔ منصوبے کا افتتاح وزیر اعظم کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 7 کروڑ سے حیدر آباد میں اسٹیشن بنانے جا رہے ہیں، ایسے حکمران برسر اقتدار آئے جنہوں نے شہر کے ساتھ ظلم کیا۔ جناح ایکسپریس لاہور سے 30 تاریخ کو چلے گی، وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔ ہم ایک نیا شہر آباد کریں گے، وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا دورہ بڑا کامیاب رہا، سارے تھنک ٹینکز سے ملاقاتیں ہوئیں، اپنے طور پر ایران کی غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی۔ ایم ایل ون پر چین کے ساتھ چیزیں طے ہیں۔ روس اور ایران کے ساتھ بھی منصوبہ کرنے جا رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیب زدہ لوگوں کے ملنے سے عمران خان حکومت کو خطرہ نہیں، ملکی معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گیس و بجلی کی قیمتیں کنٹرول کر رہے ہیں۔ عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ لوٹی ہوئی دولت واپس آئے۔
انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کو دن 11 بجے نیب میں پیش ہونے جا رہا ہوں۔ سیاسی مخالفین کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں نے ساری قوم کو کہا تھا کہ ان کا علاج لال حویلی میں ہے، لیکن ان لوگوں کو لندن کی ہوا پسند ہے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ لندن میں علاج کروانے کا فیصلہ وزیر اعظم ہی کر سکتے ہیں۔ شہباز شریف کو اپنی صحت کی فکر ہے۔ میں نے مارچ میں جھاڑو پھرنے کا انکشاف کیا تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست نہیں دیکھ رہا باقی اللہ کو علم ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.