آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ، پاکستان کی بدستور پہلی پوزیشن
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستانی ٹیم سرفہرست جبکہ بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کی گئی جس میں بتایا گیا کہ پاکستانی ٹیم 135 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ بھارت دو پوائنٹس کی کمی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
نئی رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم 120 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ گزشتہ رینکنگ میں اس نمبر پر انگلینڈ کی ٹیم تھی جو اب تنزلی کے بعد چوتھے پر پہنچ گئی۔
آسٹریلیا کی ٹیم نے بھارت کو حالیہ ٹی ٹوینٹی میں شکست دی جس کے بعد اُس کی پوزیشن میں بہتری آئی، اسی طرح جنوبی افریقا کی ٹیم پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں ، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر ہے۔
آئی سی سی کی گزشتہ رینکنگ میں افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر تھی تاہم حالیہ سیریز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اُس نے ترقی حاصل کی، اسی طرح فہرست میں گیارہویں نمبر پر اسکاٹ لینڈ، بارہویں زمبابوے، تیرہویں پر نیدرلینڈ، چودہویں پر نیپال، پندرہویں پر متحدہ عرب امارات، سولہویں پر ہانگ کانگ، سترہویں پر آئرلینڈ اور اٹھارویں پر اومان کی ٹیم ہے۔
بلے بازوں کی رینکنگ
پاکستان کے اوپنر بابر اعظم پہلے، نیوزی لینڈ کے کولن منرو دوسرے، آسٹریلیا کے گلین میکسویل تیسرے، آسٹریلیا کے آرون فنچ چوتھےاور ویسٹ انڈیز کے ایون لیوس پانچویں پوزیشن حاصل کرسکے۔
باؤلرز کی رینکنگ
افغانستان کے راشد خان پہلے، پاکستان کے شاداب خان اور عماد وسیم بالترتیب دوسرے اور تیسرے، بھارت کے کلدیپ یادوؤ چوتھے، انگلینڈ کے عادل راشد پانچویں نمبر پر رہے۔
آل راؤنڈر کیٹگری
آل راؤنڈ کیٹگری میں آسٹریلیا کے گلین میکسویل پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، بنگلہ دیش کے محمود اللہ چوتھے، اسکاٹ لینڈ کے رچرڈ برینگٹن پانچویں، پاکستان کے محمد حفیظ تیرہویں، شعیب ملک پندرہویں، شاداب خان 27ویں، عماد وسیم 37ویں، فہم اشرف 42، حسن علی 73 اورحسین طلعت 92ویں نمبر پر رہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.