بھارت کا صحافیوں کو ویزا نہ دینا افسوسناک ہے، پاکستان

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کا کرتار پور میٹنگ کیلئے پاکستانی صحافیوں کو ویزا نہ دینا افسوسناک ہے تاہم ہمیں امید ہے کہ کرتار پور میں ہونے والی میٹنگ مثبت ہو گی اور دونوں ملکوں کی عوام کیلئے تبدیلی لائے گی۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ گزشتہ سال 30 سے زائد بھارتی صحافیوں نے کرتار پور منصوبے کی کوریج کی جبکہ بھارتی صحافیوں نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ تقریب کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستانی صحافیوں کو کرتار پور میٹنگ کیلئے ویزے جاری نہیں کیے۔ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کرتار پور میں ہونے والی میٹنگ مثبت ہو گی اور دونوں ملکوں کی عوام کیلئے تبدیلی لائے گی۔

گزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی تحصیل شکرگڑھ میں سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور راہداری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔سنگ بنیاد کی تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سمیت بھارتی سرکاری وفد، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، مختلف ممالک کے سفارت کار اور دیگر لوگ شریک ہوئے تھے۔

اپنے خطاب میں بھارتی وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے دونوں ممالک کے درمیان امن برھانے کی بات کی تھی جب کہ بھارتی وزیر ہرسمرت کور نے کہا تھا کہ آج سکھ برادری کے لیے تاریخی دن ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.