سانحہ کرائسٹ چرچ: پاکستانی شہدا کی تعداد 9 ہوگئی
سانحہ کرائسٹ چرچ مزید3 پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہو گئی جس کے بعدپاکستانی شہداکی تعداد 9 ہوگئی ہے۔ یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شہدا میں ذیشان رضا،والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی شامل ہیں ۔
ولنگٹن میں پولیس کمشنر مائیک بش نے شہدا کی تعداد 50 بتائی ہے۔ ان کے مطابق زخمیوں کی تعداد بھی 50 ہے۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ایک اور نمازی کی نعش مسجد النور سے برآمد ہوئی ہے۔پولیس کمشنر کے مطابق ہسپتالوں میں زیرعلاج زخمیوں میں سے گیارہ کی حالت تشویشناک ہے۔
خبررساں ادارے کے مطابق کرائسٹ چرچ میں ہونے والی فائرنگ کے بعد بند کی جانے والی مساجد حکام کی جانب سے کھول دی گئی ہیں۔سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد حکام نے مساجد کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کرکے لوگوں کو نہ جانے کی ہدایات دی تھیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے افراد کے ورثا اورزخمیوں کی امدادکیلئے اب تک 50 لاکھ ڈالرز لوگوں کی جانب سے جمع کیے جا چکے ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.