کراچی: پی ایس ایل 4 کی اختتامی تقریب کا آغاز، کرائسٹ چرچ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی
پاکستان سپر لیگ 4 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے، تقریب شروع ہوتے ہی کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ کے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میچ سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں شان دار میوزک کنسرٹ کے ساتھ اختتامی تقریب کا آغاز ہو گیا ہے۔
تقریب کے شروع ہوتے ہی نیوزی لینڈ میں دہشت گردی میں شہید افراد کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، بعد ازاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کیا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگوائے۔
قبل ازیں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ آج پاکستان اور کراچی کے لیے تاریخی دن ہے، آج پاکستان پی ایس ایل فائنل کی میزبانی کر رہا ہے، اور اس وقت اسٹیڈیم میں 28 ہزار سے زائد تماشائی موجود ہیں۔
انھوں ںے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کو پوری دنیا میں لاکھوں لوگوں نے دیکھا ہے، میں پولیس چیف، ڈی جی رینجرز، سندھ حکومت کا شکر گزار ہوں، کراچی میں میچز کرانے پر تعاون کی کوئی نذیر نہیں، کرکٹ وہ کھیل ہے جو زندگیوں میں خوشی اور روشنی لاتا ہے۔
احسان مانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ ، سیکریٹری داخلہ اور کور کمانڈر کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، پیار اور محبت پر کراچی کے لوگوں کو انعام دینا چاہیے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں شہید 50 لوگوں کے لیے دعا کرتے ہیں، میں زخمیوں کی صحت یابی کے لیے بھی دعا گو ہوں۔
انھوں نے کہا ’2 سال پہلے اسی گراؤنڈ میں وعدہ کیا تھا پی ایس ایل کراچی لائیں گے، اس سال پاکستان میں ہونے والے تمام میچز کراچی میں ہوئے، یہ کراچی کی جیت ہے، اگلے سال پورا پی ایس ایل پاکستان میں کھیلا جائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ لاہور، ملتان، حیدر آباد، سب شہروں میں کراچی جیسا جوش ہو، کراچی آ کر کرکٹ کھیلنے پر غیر ملکی کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں۔
انھوں نے فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے لیے کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی دونوں اچھی ٹیمیں ہیں، فائنل کوئی بھی جیتے جیت کراچی اور پاکستان کی ہوگی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.