پاکستان اور آسٹریلیا ون ڈے سیریز، لوگو کی تقریب رونمائی
پاکستان اور آستریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کے لوگو کی تقریب رونمائی ہوئی، پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے اسپانسر کے ساتھ لوگو کی رونمائی کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 22 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے لوگو کی رونمائی کردی گئی، پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے کہا کہ کوشش تھی آسٹریلیا ون ڈے سیریز پاکستان میں کھیلتی، یو اے ای ون ڈے سیریز ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد دے گی۔
ذاکر خان نے کہا کہ کچھ اہم کھلاڑیوں کو آرام کا موقع دیا ہے، امید ہے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے اور سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22 مارچ کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا میچ 24 مارچ کو شارجہ جبکہ تیسرا میچ 27 مارچ کو ابوظبی میں ہوگا، گرین شرٹس اور کینگروز کی ٹیمیں چوتھے میچ میں 29 مارچ کو دبئی میں مدمقابل ہوں گی۔
سیریز کا آخری ون ڈے میچ 31 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔
خیال رہے کہ اب تک پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 98 میچ کھیلے جاچکے ہیں جس میں کینگروز کا پلڑا بھاری ہے، آسٹریلیا نے 62 جبکہ قومی ٹیم نے 32 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں 2002 میں آسٹریلیا میں ہی کامیابی حاصل کی تھی جس میں اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.