پاک بحریہ کا واٹر اسپورٹس گالا منوڑہ میں اختتام پذیر

پاک بحریہ کا تین روزہ واٹر اسپورٹس گالا 2019، کراچی والوں کو تفریح کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے بعد اتوارکو اختتام پذیر ہوا۔

اس حوالے سے رنگا رنگ اور شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد منوڑہ کے ساحل پرکیا گیا۔پاکستان نیوی اسپورٹس گالا 12 سے 14اپریل 2019تک منعقد کیا گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور احمد ندیم بخاری تھے۔عوام کی بڑی تعدادنے پاک بحریہ کے اسپورٹس گالا میں شرکت کی جس میں فیملیز اور نوجوانوں کی کثیر تعداد شامل تھے۔ منوڑہ کا ساحل عوام کے لیے ایک مشہور تفریحی مقام ہے اور اس گالا کے انعقاد سے نہ صرف عوام کو تفریحی سہولتیں میسرآئیں بلکہ منوڑہ پر موجود متوقع تفریحی انتظامات سے متعلق بھی آگہی اجاگر کرنے میں مددملی۔علاوہ ازیں منوڑہ کے مقامی لوگوں کو بھی معاشی فائدہ حاصل ہوا۔​تین روزہ رنگا رنگ اسپورٹس فیسٹیول لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا جس میں قریبی جزیروں کا کشتی سے سفر ، جیٹ سکی رائڈ،والی بال اور ساحل پر پتنگ بازی جیسی تفریح کا انتظام کیا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے گھوڑے اور اونٹ کی سواری اور دیگر تفریحی سہولیا ت کا بھی انتظام کیا گیا۔مقامی لوگوں کے کھانے پینے کے اسٹالز نے اس گالا کا مزہ دوبالا کردیا۔

​تقریب کے مہمان خصوصی نے پاک بحریہ کی کاوش کو سراہا اور پی این ایس رہبر ، منوڑہ کنٹونمنٹ اور دیگر ایجنسییوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا،  جنہوں نے اس تقریب کو منعقد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے تعلیمی اداروں اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کی شرکت نے اس گالا کو کامیاب بنایا۔قبل ازیں کمانڈنٹ پی این ایس رہبر نے بھی عوام پر زور دیا کہ وہ منوڑہ کے جزیرے کا دورہ کرتے رہا کریں تاکہ ہماری آئندہ نسلوں میں نہ صرف میری ٹائم سیکٹر کے حوالے سے آگہی پیدا ہو بلکہ ان میں سمندر کی اہمیت اور اس کے لامحدود معاشی امکانات کے بارے میں بھی شعور اجاگر ہو۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.