پاکستانی ویمنز ٹیم کے جنوبی افریقہ میں ڈیرے

 آئی سی سی ویمنزچیمپئن شپ سیریز میں شرکت کیلیے پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ میں ڈیرے ڈال دیے۔

آئی سی سی ویمنزچیمپئن شپ سیریز میں شرکت کیلیے قومی ٹیم گزشتہ روز کراچی سے دبئی روانہ ہوئی، وہاں مختصر قیام کے بعد اگلی منزل جوہانسبرگ کا رخ کیا، بلند عزائم کے ساتھ عازم سفر ہونے والی گرین شرٹس کو ٹور میں میزبان ٹیم سے3 ون ڈے انٹرنیشنل اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں، مہمان ٹیم کو آئندہ برس آسٹریلیا میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2020کی تیاریوں کا بھی بہترین موقع ملے گا۔

بسمہٰ معروف 15رکنی اسکواڈ کی قیادت کررہی ہیں،ون ڈے میچز کیلیے ٹیم میں ناہیدہ خان،جویریہ خان، جویریہ رئوف، سدرا امین، عمائمہ سہیل، ندا ڈار، عالیہ ریاض، کائنات امتیاز، سدرا نواز، ثنا میر، نشرا سندھو، فاطمہ ثنا، ایمن انور اور رامین شمیم شامل ہیں،ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناہیدہ خان کی جگہ ارم جاوید سنبھالیں گی۔

مارک کولز ہیڈ کوچ، اقبال امام بیٹنگ کوچ، انگلینڈکے جمال ٹرینر، رفعت گل فزیو، زبیر ویڈیو انالسٹ اور عائشہ جلیل بطور منیجر ہمراہ ہیں، گرین شرٹس کے ٹور کا آغاز 6 مئی کو ون ڈے میچ سے ہوگا، دوسرا ایک روزہ میچ 9اور تیسرا 12مئی کو شیڈول ہے، ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز 15سے 23 مئی تک مکمل ہوجائیں گے۔

واضح رہے کہ اس بار کراچی میں تربیتی کیمپ کے دوران خواتین کرکٹرز کی مہارت کے ساتھ فٹنس بھی بہتر بنائی گئی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.