کویت پیٹرولیم کا پاکستان میں تیل کی تلاش اور سرمایہ کاری کا اعلان

کویت پیٹرولیم کے وفد نے پاکستان میں تیل کی تلاش اور سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کردیا۔ وزیر اعظم نے بھرپور تعاون کی پیشکش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے کویت پیٹرولیم کے چیف ایگزیکٹو شیخ نواف کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر توانائی عمر ایوب، ایم اختر ملک اور سیکریٹری پیٹرولیم بھی موجود تھے۔

شیخ نواف نے وزیر اعظم کو 1980 میں پاکستان میں تیل کی تلاش سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی تیل کی تلاش میں دلچسپی ظاہر کی، وزیر اعظم نے کویتی وفد کا شکریہ ادا کیا اور بھرپور تعاون کی پیشکش کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تیل کی تلاش کا شعبہ ماضی میں نظر انداز ہوتا رہا، حکومت پاکستان نئی پیٹرولیم پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ تیل کی تلاش کے لیے کام کرنے والی کمپنیوں کو سہولتیں دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کا مقصد پیٹرولیم کی دریافت اور عالمی کمپنیوں کو سہولت دینا ہے، حکومت آسان کاروبار کے مواقع کے لیے اقدام کر رہی ہے۔

کویتی پیٹرولیم کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وزیر اعظم سے ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے بھی سے بات چیت ہوئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مختلف ممالک کی کمپنیاں پاکستان کے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کا اعلان کرچکی ہیں۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.