پاکستان کادولت مشترکہ کی70 ویں سالگرہ پریادگاری ٹکٹ جاری کرنےکااعلان
پاکستان نے دولت مشترکہ کی سترویں سال گرہ کے سلسلے میں یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا اعلان کردیا ، وزیرخارجہ نے کہا ڈاک ٹکٹس میں پاکستان کی ثقافت،تاریخی ورثہ،معیشت شامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لندن میں جاری دولتِ مشترکہ کے اجلاس میں ڈاک ٹکٹ کے اجرا سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان ، لندن ڈیکلریشن (دولتِ مشترکہ)کے ستر سال مکمل ہونے پر یہ یادگاری ٹکٹ جاری کر رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا ڈاک ٹکٹوں کی ڈیزائن میں3پہلوؤں کو مدنظر رکھا گیا ہے ، جن میں پاکستان کی تہذیب و ثقافت،تاریخ و ورثہ ،معیشت شامل ہیں اور یہ تینوں پہلو دولت مشترکہ کے بنیادی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
انھوں نے مزید کہا ٹکٹ میں کامن ویلتھ کی سترویں سالگرہ کا جاری کردہ “لوگو “بھی شامل ہے، جسے دولتِ مشترکہ سیکریٹیریٹ نے سال 2019 کیلئے تمام کانفرنسوں، نمائشوں و دیگر تقریبات کیلئے تشکیل دیا ہے۔
یاد رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دولت مشترکہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دولت مشترکہ اجلاس پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، توقع ہے کامن ویلتھ فورم کو مزید بہتر اور نتیجہ خیز بنانے میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سرمایہ کار دوست اور کاروبار میں آسانی کے لیے پر عزم ہے، پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے جس میں 65 فیصد آبادی نوجوان ہے۔ پاکستان ہنر مند افرادی قوت کے خزانے کے طور پر دستیاب ہے۔ دولت مشترکہ کو باہم جوڑنے کا ایجنڈا مسلمہ ضرورت کا اعتراف ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.