یورپی یونین کشمیریوں پرمظالم کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے، شاہ محمود قریشی

 وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کےغیرقانونی اقدام سے خطے کو خطرات لاحق ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے چیئرمین یورپی یونین برائے خارجہ امور فیڈریکا موروگینی سے رابطہ کیا اور مقبوضہ کشمیرکی تشویش ناک صورت حال پرتبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے کشمیرکی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی، بھارت کا یکطرفہ اقدام اقوام متحدہ قراردادوں کے منافی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ یورپی یونین سمیت عالمی برادری گھمبیر صورت حال کا نوٹس لے، یورپی یونین کشمیریوں پر مظالم کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی معاہدوں کی پابندی نہ وعدوں کی پاسداری کررہا ہے، بھارت بین الاقوامی قوانین کا احترام کرے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، عالمی برادری بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت کےغیرقانونی اقدام سے خطے کو خطرات لاحق ہیں، پاکستان اس معاملے کو اقوام متحدہ میں لے کرجا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، اخلاقی، سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب چیئرمین یورپی یونین برائے خارجہ امور فیڈریکا موروگینی نے کہا کہ یورپی یونین صورت حال پرنظر رکھے ہوئے ہے، باہمی معاملات کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.