چار پاکستانی کھلاڑیوں کو اولمپک کیلئے وائلڈ کارڈز مل گئے

پاکستان کے چار کھلاڑیوں کو اولمپک میں شرکت کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری مل گئی ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود اہم دورے پر جاپان پہنچ گئے ہیں اس موقع پر جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود نے بتایا کہ پاکستان کے چار کھلاڑیوں کو اولمپک میں شرکت کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری مل گئی ہے جس میں دو کھلاڑی سوئمنگ کے لیے جبکہ دو کھلاڑی ایتھلیٹ کے طور پر اولمپک مقابلون میں شریک ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ہم شوٹنگ سمیت کئی اور مقابلوں میں بھی کوالیفائی کرلیں گے۔

خالد محمود نے کہا کہ پاکستان کو جوڈو میں بھی کافی اُمید تھی لیکن جاپان میں مقیم شاہ حسین شاہ شاید مطلوبہ معیار پر پورے نہیں اُتر پائیں گے اور اولمپک مقابلوں سے باہر ہوجائیں گے۔

خالد محمود نے کہا کہ انہیں جاپان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے دعوت دی گئی ہے یہاں ہونے والی کانفرنس اور سیمینار میں اب تک جاپان کی جانب سے اولمپک کی تیاریوں کے حوالے سے بریف کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری اولمپک ایسوسی ایشن نے کہا کہ جاپان میں سفارتخانہ پاکستان اور سفیر پاکستان امتیاز احمد ہی ہمارے سرکاری نمائندے ہوں گے۔

تاہم نجی طور پر بھی ہم کوشش کررہے ہیں کہ پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین کو اپنا نمائندہ مقرر کرسکیں تاکہ کھلاڑیوں کو کسی بھی طرح پریشانی سے بچایا جاسکے۔ خالد محمود نے جاپان میں پاکستان کے سفیر امتیاز احمد اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین سے بھی خصوصی ملاقات کی اور ان کو پاکستان میں اولمپک کی تیاریوں کے حوالے سے بریف کیا۔

سفیر پاکستان نے اُمید ظاہر کی کہ پاکستان کے زیادہ سے زیادہ کھلاڑی اولمپک مقابلوں کے لیے کوالیفائی کریں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔

رانا عابد حسین جو پاکستان ایتھلیٹ فیڈریشن کے جاپان کے لیے ڈائریکٹر بھی ہیں نے اُمید ظاہر کی کہ جاپان میں ہونے والے اولمپک میں پاکستان ضرور تمغہ حاصل کرے گا جبکہ انہیں پاکستان کے لیے کوئی بھی ذمہ داری دی جائے گی وہ اسے دل جمعی سے ادا کریں گے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.