کسی قانون کے اطلاق سے عام آدمی پر اضافی بوجھ نہیں پڑنا چاہیئے: وزیر اعظم

 وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی قانون کے اطلاق سے عام آدمی پر اضافی بوجھ نہیں پڑنا چاہیئے، نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس کا نفاذ سڑکیں محفوظ بنانے میں مددگار ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس کے نفاذ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد اور وزارت مواصلات و صنعت و تجارت کے افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات اور ان کے ازالے کے لیے لائحہ عمل پر غور کیا گیا، ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس 2000 کے نفاذ اور اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات کا جائزہ لیا گیا اور ریلوے کی استعداد اور سڑکوں کی صورتحال اور اخراجات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل اور اہلکاروں کے ہراساں کرنے کے واقعات پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس کا نفاذ سڑکیں محفوظ بنانے میں مددگار ہوگا، نفاذ میں اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات اور انفراسٹرکچر مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت خصوصاً عام آدمی پر اثرات کو مد نظر رکھا جانا ضروری ہے، مد نظر رکھا جائے کہ کسی قانون کے اطلاق سے عام آدمی پر اضافی بوجھ نہ پڑے، تمام حقائق اعلیٰ عدلیہ کے سامنے پیش کیے جائیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عدلیہ سے قانون کے مرحلہ وار نفاذ کی استدعا کی جائے۔ ذرائع نقل و حمل، ریلوے کی استعداد اور ٹرکوں کی تعداد بڑھانے پر توجہ دی جائے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.