وزیراعلیٰ پنجاب سے شہزاد رائے کی ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے زندگی ٹرسٹ کے بانی شہزاد رائے نے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران شہزادرائے نے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے زندگی ٹرسٹ کی کاوشوں سے وزیراعلیٰ پنجاب کو آگا ہ کیا۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت نے نئی اصلاحات متعارف کرائی ہیں، نصاب کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ترتیب دیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں ضروری سہولیات مہیا کرنے کے لیے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کے لیے ای۔ٹرانسفر پالیسی متعارف کرائی گئی ہے، جس سے اساتذہ کو آن لائن تبادلے کی سہولت حاصل ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد شفافیت، میرٹ اور وقت کی بچت ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اسکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن فراہم کرنا ہمارا مشن ہے، ہر ضلع کے اسکولوں کو سینٹر آف ایکسی لینس بنایا جائے گا، اس ضمن میں زندگی ٹرسٹ کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جارہا ہے، اسکولوں کو سولر پینلز کے ذریعے روشن کرنے کا پروگرام پاکستان کے مستقبل کی سرمایہ کاری ہے، اس اہم پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے، تعلیم ہی ایسا شعبہ ہے جس پر سرمایہ کاری کرکے ہم اپنی نئی نسل کو محفوظ اور روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ’انصاف آفٹرنون اسکول‘ کا پروگرام تحریک انصاف کا اختراعی منصوبہ ہے، اس پروگرام کے ذریعے اسکول سے باہر رہ جانے والے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر اسکولز ایجوکیشن مراد راس اور سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.