پاکستان افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس آج ہوگا
پاکستان،چین اورافغانستان کے وزرا ئے خارجہ کا سہ فریقی اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگااجلاس میں سیاسی تعلقات ،سیکیورٹی تعاون،انسداد دہشت گردی،اورترقیاتی تعاون سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت پاکستان افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا تیسرا دور آج اسلام آباد میں ہوگا ، مذاکرات میں افغان امن عمل اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوگی.
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ مذاکرات میں شرکت کریں گے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جبکہ چینی وفد کی قیادت چینی وزیرخارجہ وانگ ژی اور افغان وفد کی قیادت افغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی کریں گے۔
خیال رہے پاکستان افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا پہلا دور 2017 میں بیجنگ میں اور دوسرا دور 2018 میں کابل میں ہوا تھا، ڈائیلاگ کا مقصدباہمی مفادات،اقتصادی تعاون، امن وسلامتی ہے۔
ڈائیلاگ سے تینوں ممالک کو سیاسی تعاون، افغان امن و مفاہمتی عمل کے لئے مشترکہ کوششوں کا موقع ملتا ہے، پاکستان اعتماد سازی، کونیکٹیویٹی اور تعاون کو اہمیت دیتا ہے اور سمجھتا ہے کہ مشترکہ تشویش کے امور پر وسیع تر مفاہمت ضروری ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان سہ فریقی مذاکرات کو خطے میں سیاسی استحکام کےلئے اہمیت دیتا ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان میں امن کے قیام اور دونوں ممالک کے مابین عدم اعتماد کی فضا ختم کرنے کے لیے جون میں مری بھوربن میں پہلی افغان امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پاک افغان تعلقات پر پروپیگنڈا یا منفی تاثر پھیلانے کے حوالے سے معاملات دیکھے گئے تھے۔
اپریل میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ مسٹر وانگ ژی سے ملاقات کی تھی، اس ملاقات میں پاک چین تعلقات، سی پیک، خطے کی سیکیورٹی سمیت افغان امن عمل پر بھی بات چیت ہوئی تھی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.