مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز میں شور شرابا، مسافر زیر حراست، معافی نامے پر چھوڑ دیا

مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز میں شور شرابا کرنے پر لاہور ایئر پورٹ پر برطانوی شہری رفیق کو حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مانچسٹر سے لاہور آنے والی پرواز کے عملے کی شکایت پر مسافر کو گرفتار کر لیا گیا، پی کے 710 سے لاہور پہنچنے والا مسافر نشے کی حالت میں تھا۔

ایئر پورٹ ذرایع کا کہنا ہے کہ مسافر نے عملے سے تلخ کلامی کی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے، رفیق نامی برطانوی شہری دوران پرواز مسلسل غل غپاڑہ مچاتا رہا۔

عملے نے طیارے میں مسافر کی نقل و حرکت سے کپتان کو آگاہ کیا جس پر کپتان نے لاہور ائیر پورٹ پر لینڈنگ سے قبل پی آئی اے کی سیکورٹی اور اے ایس ایف کو آگاہ کر دیا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارہ لینڈ ہوتے ہی پی آئی اے کی سیکورٹی اور اے ایس ایف نے رفیق نامی مسافر کو حراست میں لے لیا، پی آئی اے نے مسافر رفیق کو بلیک لسٹ کرنے کے حوالے سے فائنل وارننگ بھی جاری کر دی ہے۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ دوسری ائیر لائنز اس قسم کی حرکات کرنے پر مسافر کو بلیک لسٹ کر دیتی ہیں۔

دریں اثنا، معلوم ہوا ہے کہ برطانوی شہری رفیق کی جانب سے اپنی حرکات پر شرمندگی کا اظہار کیا گیا، مسافر اور اس کے عزیز نے تحریری طور پر معافی نامہ بھی اے ایس ایف کو جمع کرا دیا۔

طیارے کے کپتان نے معافی نامے کے بعد برطانوی مسافر کو معاف کر دیا، جس پر اے ایس ایف نے مسافر کو گھر جانے کی اجازت دے دی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.