سعودی عرب کے سیاحتی ویزے کے بارے میں اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

سیاحتی ویزے کی فیس 440 ریال مقرر کی گئی ہے جبکہ اس کی میعاد ایک سال ہو گی

سعودی عرب کی سیاحتی کمیٹی کی جانب سے حالیہ دِنوں شروع کیے جانے والے سیاحتی ویزے کے حوالے سے اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ یہ سیاحتی ویزہ فی الحال 49 ممالک کے شہریوں کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ سیاحتی کمیٹی کے مطابق سعودی ویزے کی فیس 440 ریال مقرر کی گئی ہے۔ اس ویزے کی میعاد ایک سال رکھی گئی ہے۔سیاحتی ویزہ ویب سائٹ کے ذریعے یا پھر سعودی مملکت پہنچنے پر دیا جائے گا۔ جس کے پراسس میں صرف پانچ منٹ سے لے کرزیادہ سے زیادہ 30 منٹ کا وقت لگے گا۔ اس ویزے کے حصول کے لیے مذہب کی کوئی شرط نہیں رکھی گئی ہے۔ تاہم یہ ویزہ صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے لوگوں کو جاری کیا جائے گا۔ سیاحتی ویزہ حاصل کرنے والے شخص کی مملکت میں داخلے کے وقت اس کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے میں کم سے کم چھ ماہ باقی ہوں۔سیاحتی ویزہ کے حامل افراد ایک سال کی مُدت کے دوران مملکت میں 90 روز سے زائد قیام نہیں کر سکتے۔ اس ویزے کا حامل فرد سعودی عرب میں6 مرکزی راستوں سے داخل ہو سکے گا۔ سیاحتی ویزہ تین طریقوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے اگر سیاح چاہیں تو ایئر پورٹ پہنچ کر آٹو میٹک سسٹم سے ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔ جبکہ دْوسرا طریقہ آئی پیڈ یا موبائل کے ذریعے اپنے کوائف کا اندراج کرنے کے بعد ویزہ حاصل کرنے کا ہے۔ تیسرا طریقہ محکمہ پاسپورٹ کے کاوٴنٹرز ہیں جہاں پر بھی انتہائی آسان طریقے سے ویز ہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ غیر مْلکی سیاحوں کو جدہ، ریاض، دمام، مدینہ منورہ اور العلاء کے انٹرنیشنل ہوائی اڈوں پر پہنچ کر ویزہ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.