صدارتی ریفرنس: جسٹس فائز کی درخواست سننے والا بینچ پھر ٹوٹ گیا
پاکستان کی سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی صدارتی ریفرنس کے خلاف درخواستیں سننے والا دس رکنی لارجر بینچ ٹوٹ گیا ہے۔
پیر کو عدالت عظمیٰ میں مقدمے کی سماعت کا آغاز ہوا تو فل کورٹ کے سربراہ جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے وکیل منیر اے ملک کو مخاطب کر کے کہا کہ ’ہم یہ کیس چلانا چاہتے ہیں مگر بینچ کے ایک معزز جج صاحب اپنے خاندان میں ہونے والی ایک فوتگی کے سبب موجود نہیں اور وہ طویل عرصے تک دستیاب نہیں ہوں گے۔‘
مقدمے کی گذشتہ سماعت بھی جسٹس مظہر عالم کی عدم موجودگی کے باعث ملتوی کی گئی تھی۔
بینچ کے سربراہ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ انہوں نے خود طے کیا ہے کہ بینچ دوبارہ تشکیل دیا جائے اور وہ نئے بینچ کی دوبارہ تحلیل کے لیے معاملے چیف جسٹس کو بھیج رہے ہیں۔‘
صدارتی ریفرنس کے خلاف جسٹس قاضی فائز اور وکلا تنظیموں کی درخواستوں پر سماعت کرنے والے بینچ پہلے بھی ایک بار اس وقت تحلیل کیا گیا تھا جب وکیل منیر اے ملک نے بینچ میں شامل دو جج صاحبان پر اعتراض کیا تھا۔
جسٹس قاضی فائز کے وکیل منیر اے ملک نے کہا کہ وہ اپنی گزارشات فل کورٹ کے سامنے ہی رکھنا چاہیں گے جس پر بینچ کے سربراہ نے کہا کہ نیا بینچ تشکیل دینا چیف جسٹس کا اختیار ہے اور انہوں نے اخلاقی طور پر وکیل کو آگاہ کرنا مناسب سمجھا۔
سینیئر وکیل حامد نے مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں نئے سرے سے بینچ تشکیل ہی نہیں دیا جا سکتا۔ ’اگر کوئی جج صاحب موجود نہیں ہیں تو ان کے آنے کا انتظار کیا جاتا ہے۔‘
تبصرے بند ہیں.