نواز شریف بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں: ڈاکٹر عدنان
سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کا سروسز اسپتال لاہور میں 8 ویں روز بھی علاج جاری ہے، ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف شدید بیمار ہیں، بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
ایک بیان میں ڈاکٹر عدنان نے مزید کہا ہے کہ پلیٹ لیٹس کی کمی اور ہارٹ اٹیک نے نواز شریف کی صحت کو مزید متاثر کیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میاں صاحب کے گردے صحیح کام نہیں کر رہے، ان کی بلڈ شوگر اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کیا جا رہا ہے، ملتوی کیے گئے اسکین اور بائی آپسی سے بیماری کی جانچ ضروری ہے۔
سروسز اسپتال لاہورکے ایم ایس ڈاکٹر سلیم چیمہ کا سابق وزیرِ اعظم کی صحت کے حوالے سے کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس بڑھانے کے لیے 5 دن کا کورس مکمل ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اب نواز شریف کو قوتِ مدافعت بڑھانے اور ہڈیوں اور جوڑوں کے درد کے لیے انجکشن کا کورس شروع کرا دیا گیا ہے، نیفرولوجی کے ڈاکٹر نے بھی نواز شریف کا معائنہ کیا ہے۔
ڈاکٹر سلیم چیمہ نے بتایا کہ سابق وزیرِ اعظم کے گردوں کا یوریا کرٹینین کا ٹیسٹ کیا گیا، جس کے بعد نواز شریف کو یوریا کرٹینین کے لیے ادویات بھی دی گئیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کو گردے کی شکایت پہلے سے ہے، 5 دن تک اسٹیرائیڈز اور شوگر کی ادویات کے استعمال کے بعد گردوں کا معائنہ ضروری ہو گیا تھا۔
ڈاکٹر سلیم چیمہ نے یہ بھی بتایا کہ میاں نواز شریف کا بیک وقت دل، گردوں، شوگر اور آئی ٹی پی کا علاج کیا جا رہا ہے، گزشتہ روز ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 28 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔
دوسری جانب سروسز اسپتال کے باہر مسلم لیگ نون کے کارکنوں کی اپنے قائد سے اظہارِ یک جہتی کے لیے آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.