وزیراعظم جیسنڈا آرڈن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے اپنی 2 سالہ حکومتی کارکردگی کی 2 منٹ میں بیان کر کے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، اُن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اتنی مقبول ہوئی کہ اُس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈن دنیا کی مقبول رہنماؤں میں سے ایک ہیں، حکومت کے دوسال مکمل ہونے پر وزیراعظم جیسنڈا نے اپنے ساتھیوں کی جانب سے دیا گیا چیلنج قبول کرتے ہوئے دوسال کی کارکردگی کو دومنٹ میں بیان کردیا۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی، ویڈیو میں دو سال سے وزیراعظم کے عہدے پر فائز جیسنڈا آرڈن نے دو منٹ کی ویڈیو میں تیز رفتاری سے مختلف شعبوں میں حکومت کی کارکردگی بتائی اور آئندہ مستقبل میں کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

ویڈیو کے آغاز میں جیسنڈا آرڈن ا نے کہا کہ رواں ہفتے میری حکومت کے دوسال مکمل ہوجائیں گے، اس موقع پر میری ٹیم نے چیلنج کیا کہ میں گزشتہ دو سال کی کارکردگی دو منٹ میں پیش کریں، تو ویڈیو میں مختصراً اپنی حکومت کی کامیابیاں آپ سے شیئر کروں گی۔

جیسنڈا آرڈن نے مختصر ویڈیو میں ماحول، صحت، شرح خواندگی و ملازمت کے حوالے سے کئے گئے کاموں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ اپنے دور حکومت میں دو ہزار دو سو سرکاری گھر بنوائے اور 92 ہزار ملازمتیں دی جبکہ کینسر کے علاج میں سہولت اور پانچ لاکھ سے زائد لوگوں کو سستے علاج کی سہولت فراہم کی۔

انھوں نے بتایا بے روز گاری کی شرح کو گزشتہ 11 سالوں کی کم ترین سطح پر پہنچانے کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ سے زائد بچوں کے لیے اسکول کا انتظام کیا۔

انہوں نے دو سال میں نیوزی لینڈ میں ماحول کو صاف رکھنے کے لیے کئے گئے اقدامات، پلاسٹک پر پابندی ،چائلڈ لیبر کے قوانین سمیت دیگر کامیابیوں کا بھی تذکرہ کیا۔

جیسنڈا آرڈرن کے فیس بک پیج سے جاری اس ویڈیو نے مقبولیت کے تمام ریکارڈز توڑ ڈالے ہیں۔

خیال رہے رواں سال 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں دہشت گرد حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں خواتین وبچوں سمیت 49 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے تھے، اس واقعے پر جہاں‌ نیوزی لینڈ بھر سے شدید ردعمل آیا وہیں‌ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن اپنے واضح اور دو ٹوک موقف اور مثبت رویے کے طفیل انسانی دوستی اور مساوات کی علامت بن گئیں تھیں ۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.