دُبئی میں قانون کے پابند ڈرائیوروں کوبڑی رعایت مِل گئی

دُبئی میں گاڑی مالکان اور ڈرائیورز کو شاندار خبر سُنا دی گئی۔ دُبئی ٹریفک پولیس کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ٹریفک قوانین کے پابند ڈرائیوروں کو شاندار رعایت دی جا رہی ہے۔ ایسے ڈرائیورز جنہیں کسی خلاف ورزی پر چالان ہونے کے بعد 12 ماہ کا عرصہ گزر گیا ہو، اور اس مُدت کے دوران انہوں نے کسی اور ٹریفک خلاف ورزی کا ارتکاب نہ کیا ہو، تو ایسی صورت میں اُن پر عائد ٹریفک چالان میں 100فیصد رعایت دی جائے گی۔ترجمان کے مطابق رواں سال کے فروری مہینے میں ’مثالی ڈرائیور‘ کے عنوان سے ایک مہم شروع کی گئی، جس کا مقصددُبئی میں ڈرائیونگ کو محفوظ بنا کر حادثات میں تعداد میں کمی لانا اور معاشرے کو محفوظ بنانا ہے۔ اس مہم کے تحت جن ڈرائیور ز پر گزشتہ تین ماہ میں کوئی ٹریفک خلاف ورزی عائد نہ ہوئی، اُنہیں چالان کی مجموعی رقم پر 25 فیصد رعایت مِلے گی، چھ ماہ کی مُدت کے بعد سابقہ چالان پر 50 فیصد رعایت ہو گی جبکہ 9 ماہ کی مُدت کے دوران کوئی چالان نہ ہونے پر جرمانے کی رقم میں 75 فیصد کی رعایت ہو گی۔سب سے بڑی اور مکمل رعایت اُن کے لیے ہے جو گزشتہ ایک سال کے دوران کسی ٹریفک خلاف ورزی کے مرتکب نہیں پائے جائیں گے۔ ایسے ڈرائیوروں پر عائد سابقہ ٹریفک جرمانے پر مکمل یعنی 100فیصد رعایت مِل جائے گی۔ اس رعایتی مہم میں اس بات کو مدنظر رکھا جائے گا کہ ڈرائیوروں کا سڑک پر برتاؤ کیسا ہے۔ واضح رہے کہ امارات میں ڈرائیوروں کی جانب سے خلاف ورزی ریکارڈ کرنے کے لیے آٹو میٹک سسٹم نصب ہیں، جو فوری طور پر خلاف ورزی کا ریکارڈ مرکزی کنٹرول روم کو بھیج دیتے ہیں۔ جہاں سے چالان کی اطلاع گاڑی کے مالک کو اس کے موبائل فون پر دی جاتی ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.