ڈے نائٹ پریکٹس میچ: پاکستان اور آسٹریلیا کل ٹکرائیں گے

 قومی کرکٹ ٹیم کل سے آسٹریلیا کے خلاف تین روزہ ڈے نائٹ پریکٹس میچ کھیلے گی۔

تفصیلات کے مطابق شاہین اور کینگروز کل سے دوبارہ میدان میں نظر آئیں گے، قومی ٹیم آسٹریلیا سے تین روزہ ڈے نائٹ پریکٹس میچ کھیلے گی۔

ڈے نائٹ پریکٹس میچ میں پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے خلاف آسٹریلیا اے کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین الیکس کیرے کریں گے، قومی ٹیم نے ٹیسٹ میچز کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔

پرتھ میں کپتان اظہر علی سمیت تمام کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کی مشقیں کیں، دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ اکیس نومبر کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی کے باعث شائقین کرکٹ مایوس ہیں۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا، قومی ٹیم کو تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرچکی ہے۔ پہلا ٹی ئنٹی میچ بارش کے باعث بلانتیجہ ختم ہوا اور پاکستان کی عزت بچی لیکن بعد کے دونوں میچوں میں کھلاڑیوں نے قوم کو مایوس کردیا۔

دوسری جانب سری لنکا سے ہوم سیریز اور آسٹریلیا سے سیریز میں مسلسل ناکامیوں کے بعد قومی ٹیم کو رینکنگ بچانے کے لالے پڑ گئے ہیں، مسلسل 5 میچوں میں شکست کے باوجود قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سرفہرست ضرور ہے مگر آسٹریلیا صرف ایک پوائنٹ کی کمی سے دوسرے نمبر پیچھا کررہا ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.