فائٹ جیت کر ملک کا نام روشن کرنے پر بہت خوشی ہے: محمد وسیم

باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ میکسیکن حریف کو ہراکر ملک کا نام روشن کرنے پر بہت خوشی ہے، والدہ نے میرے لیے بہت دعائیں کی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل متحدہ عرب امارات میں منعقدہ فائٹ میں باکسر محمد وسیم نے میکسیکن باکسر کو شکست دی، جیت کے بعد باکسر نے اپنے خوشی بھرے پیغام میں قوم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسپین میں شارٹ کیمپ ہے، ایک ہفتے میں جاؤں گا، سپورٹ کرنے پر مداحوں کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں، والدہ نے میرے لیے بہت دعائیں کیں، سبزہلالی پرچم اوپرلے جانے میں بہت خوش ہوئی، بہت جلد باکسنگ کے لیے لیگ کرائیں گے۔

محمدوسیم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے جلد باکسنگ لیگ کرائیں گے، نوجوان محنت کرتے رہیں۔

خیال رہے کہ باکسر محمد وسیم نے میکسیکو کے کینگین لوپز کو شکست دے کر گیارہویں فائٹ میں 10ویں کامیابی حاصل کی ہے۔ محمد وسیم نے ورلڈ رینکنگ فائٹ جیت کر سپر فلائی ویٹ کیٹیگری میں ٹائٹل اپنے نام کیا، 8 راؤنڈ پر مشتمل میچ میں محمد وسیم کو 75 کے مقابلے میں 77 پوائنٹس سے فتح ملی۔

واضح رہے کہ باکسر محمد وسیم کے حریف تین مرتبہ ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں۔ فائٹ جیتنے پر قومی کرکٹر شعیب ملک اور وہاب ریاض‌ نے بھی باکسر محمد وسیم کو مبارک باد دی ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.