خواتین کو محفوظ ماحول کی فراہمی میں وفاقی محتسب کا اہم کردار ہے، عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بینکنگ محتسب کامران شہزاد اور وفاقی محتسب برائے ہراسیت کشمالہ طارق نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کام کرنے کی جگہوں پر خواتین کو محفوظ اور ہراسانی سے پاک ماحول کی فراہمی میں وفاقی محتسب برائے ہراسیت کشمالہ طارق کا کردار انتہائی اہم ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وفاقی محتسب برائے ہراسیت کشمالہ طارق سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے ایوانِ صدر میں اُن سے ملاقات کی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ادارے کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم انتہائی ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سے مستفید ہو سکیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے لیےادارے کی سفارشات پر بروقت عملدرآمد انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔ نفاذ حقوق جائیداد برائے خواتین آرڈیننس 2019 کی پارلیمانی منظوری کے بعد اس ادارے کے کردار کو مزید وسعت ملے گی۔

علاوہ ازیں بینکنگ محتسب کامران شہزاد نے بھی اسلام آباد میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ صدر نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے بینکنگ محتسب کی خدمات کو بہتر بنانے کے لئے ای شکایات سروس سمیت جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے بینک صارفین کو مالی نقصانات سے بچانے میں بینکنگ محتسب کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ افراد کو یہ مفت سہولت فراہم کرنے کے لئے آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

بینکنگ محتسب کامران شہزاد نے صدر کو بتایا کہ ان کے دفتر میں اس سال چودہ ہزار شکایات موصول ہوئیں جو گزشتہ سال سے بتیس فیصد زیادہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سائلین کو تیس کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.