سعودی عرب دُنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا
2019ء کی آخری سہ ماہی کے دوران ہی ساڑھے 3 لاکھ سیاحتی ویزے جاری کیے گئے
سعودی حکومت کی جانب سے مملکت میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں بہتر سی سماجی اصلاحات بھی کی گئی ہیں تاکہ خصوصاً مغربی سیاحوں کو یہاں پر ماضی کی طرح بندشوں اور پابندیوں کا احساس کم سے کم ہو۔ اسی وجہ سے سعودی مملکت میں سیاحت کا شعبہ گزشتہ دو سال کے اندر ہی بہت زیادہ ترقی کر چکا ہے۔جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ سال کی آخری سہ ماہ کے دوران ہی ساڑھے تین لاکھ سیاحتی ویزوں کا اجراء کیا گیا۔ سعودی مملکت اس وقت دُنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا چکا ہے۔ یہ بات سعودی محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے سربراہ احمد الخطیب نے سوئٹزر لینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کے موقع پر کہی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سال 2020ء سعودی عرب میں سیاحت کے حوالے سے بہت شاندار سال ہو گا اور سیاحوں کے حوالے سے جو اہداف مقرر کر رکھے ہیں، اُن سے کہیں زیادہ مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
رواں سال زیادہ بڑی گنتی میں سیاحتی ویزے جاری کیے جائیں گے۔ الخطیب نے کہا کہ امکان ہے کہ اس سال امریکا، برطانیہ اور شنگن ریاستوں سے بھی سیاحوں کی بڑی تعداد سعودی مملکت کا رُخ کرے گی۔ کیونکہ ان ممالک کے لوگوں کے لیے آن لائن ویزہ اسکیم کا اجراء کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہوٹلنگ کے شعبے کو بھی ترقی دی جا رہی ہے اور ان میں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کی جانب بھی قدم اُٹھائے جا رہے ہیں۔تاکہ سرمایہ کار اور تاجر طبقہ بھی یہاں آکر قیام کریں۔ اس کے علاوہ ہزاروں گائیڈز کو بھی تربیت دی گئی ہے، جن میں سعودی خواتین گائیڈز بھی شامل ہیں۔مملکت میں سیاحتی شعبے کا حجم روز بروز پھیلتا جا رہا ہے۔ جس سے پتا چلتا ہے کہ سعودی عرب سیاحت کے لیے پسندیدہ ممالک میں شامل ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال سعودی حکومت کی جانب سے 49 ممالک کے سیاحوں کو سیاحتی ویزا جاری کرنے کی سہولت متعارف کرائی گئی ہے۔ بین الاقوامی سیاح آن لائن ویزہ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں ایئرپورٹ، بندرگاہ اور زمینی سرحد پربھی موقع پر ہی سیاحتی ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.