امارات میں کورونا متاثرین کے لیے ’ انسانیت نواز شہر‘

متحدہ عرب امارات نے وبا زدہ چینی علاقے ووہان سے برادر اور دوست ممالک کے شہریوں کواپنے یہاں بحفاظت منتقل کردیا۔ امارات نے ابوظبی میں ’ المدینہ الانسانیہ‘ (انسانیت نواز سٹی) قائم کردی۔ جہاں نئے کورونا وائرس سے طبی معائنے سمیت تمام انسانی ضروریات مہیا کی ہیں۔
سکائی نیوز کے مطابق امارات نے انسانیت نواز سٹی 48 گھنٹے سے بھی کم مدت میں تیار کی ہے۔ یہ ایک ہزار کمروں پر مشتمل ہے۔ تمام کمرے ہر طرح کی سہولیات سے آراستہ ہیں۔ یہاں آنے والوں کو چوبیس گھنٹے خدمات فراہم کرنے والا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ انسانیت نواز سٹی میں بچوں اور بڑوں کے لیے تفریحی وسائل کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات نے برادر اور دوست ممالک کے 215 شہریوں کو چین سے نکالنے کے لیے اسپیشل طیارہ بھیجا تھا۔ یہ طیارہ تمام طبی سہولتوں سے آراستہ تھا۔طیارے میں طبی عملے اور کورونا سے بچاﺅ کے لیے علاج معالجے کے جملہ انتظامات موجود تھے۔
امارات نے انسانیت نواز سٹی 48 گھنٹے سے کم مدت میں تیار کی ہے۔
رضاکاروں کی ایک ٹیم طیارے میں موجود تھی۔ ان میں انسانی جذبے سے سرشار ہواباز، ایئر ہوسٹس ، ڈاکٹر اور معاون طبی عملہ انسانی جذبے کے تحت شامل تھا۔
ابوظبی میں المدینہ الانسانیہ میں وبا زدہ علاقے سے آنے والوں کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔کم از کم 14دن تک یہ لوگ المدینہ الانسانیہ میں طبی عملے کی نگرانی میں رہیں گے۔ اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے جو قواعد و ضوابط مقرر کیے ہیں ان سب کی پابندی کی جارہی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سربراہ اور ولی عہد ابوظبی شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے چین سے امارات منتقل کیے جانے والے ہر فرد کے نام الگ الگ پیغام بھیجا ہے۔ جس میں تحریر کیا کہ ہمیں اس بات کا پورا احساس تھا کہ ایسی جگہ جہاں آپ نے اپنی زندگی کے اچھے دن گزارے تھے اور وہاں سے آپ کو ایک غیر متوقع بحران کے باعث نکل کر کسی نئی جگہ جانا پڑ رہا ہو جسے آپ نہ جانتے ہوں تو وہاں کے بارے میں آپ کے ذہن میں مختلف قسم کے خدشات ہوسکتے ہیں۔ اسی لیے ذاتی طور پر امارات میں آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں۔
شیخ محمد بن زاید نے اپنے پیغام میں یہ بھی تحریر کیا  ’ہم چاہتے ہیں کہ آپ اس احساس کے ساتھ یہاں رہیں کہ آپ اپنے اعزہ اور اپنے دوستوں کے درمیان ہیں۔ آپ ہمارے مہمان ہیں۔ آپ کو مکمل صحت نگہداشت فراہم کی جائے گی۔ آپ کو اپنے وطن جانے کے لیے جو سہولت درکار ہوگی وہ مہیا ہوگی۔ یہ اسی وقت ممکن ہوگا جب آپ کا سفر محفوظ ہوجائے گا‘۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.