یو اے ای کے تعلیمی اداروں میں طویل چھٹیوں کا اعلان
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے ہلاکت خیز کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات کے تحت متحدہ عرب امارات کے تعلیمی اداروں کو 4 ہفتوں کے لیے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
اماراتی میڈیا کے مطابق وزارت تعلیم کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ اتوار سے تمام اسکولز اور ہائر ایجوکیشن انسٹیٹوٹ 4 ہفتوں کے لیے بند کیے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے نیوز ایجنسی نے ایک ٹوئٹ کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ موسم بہار کی تعطیلات اس بار قبل از وقت کی جارہی ہیں۔
عمومی طور پر موسم بہار کی چھٹیاں 29 مارچ سے 12 اپریل تک ہوتی تھیں تاہم کورونا وائرس کے سبب احتیاطی تدابیر کے تحت 8 سے 29 مارچ تک تعلیمی ادارے بند رکھے جائیں گے۔
والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ گھر میں طلبا کے لئے تعلیم کا ایک سازگار ماحول فراہم کریں جب کہ والدین یہ بھی یقینی بنائیں کہ ان کے بچے تمام اسباق کو مکمل کریں گے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے مزید 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد امارات میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.