پی ایس ایل کے بقیہ میچز بھی ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے بقیہ میچز فوری طور پر ملتوی کر دیے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے نئے شیڈول کے بارے میں مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
التوا کے فیصلے کے بعد کی گئی نیوز کانفرنس میں پی سی بی حکام نے بتایا کہ پی ایس ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ فرنچائزز سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ جب علم ہوا کہ ایک مشتبہ کیس موجود ہے تو فیصلہ کیا کہ ٹورنامنٹ ملتوی کر دیا جائے۔
پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے ایک غیر ملکی کھلاڑی کے کورونا کا مشتبہ کیس ہونے کی تصدیق کی تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ مذکورہ کھلاڑی پہلے ہی اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔
گذشتہ ہفتے کورونا وائرس کے پیش نظر نیشنل سٹیڈیم کراچی اور لاہور میں پی ایس ایل 2020 کے آئندہ میچز شائقین کے بغیر منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
پی سی بی کے فیصلے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے پی ایس ایل کے التوا پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اپنی ٹویٹ میں حکومتی فیصلے کی تعریف کی۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سے قبل کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر پی ایس ایل  فائیو کے شیڈول میں تبدیلی کردی تھی اور ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کے بجائے 18 مارچ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کروانے کا اعلان کیا تھا۔
 پی سی بی  نے ایونٹ کے  پلے آف میچز سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کردیے تھے۔
فیصلے کے مطابق پی ایس ایل 2020 کو چار روز تک محدود کردیا گیا تھا اور نئے شیڈول کے مطابق 34 کی بجائے 33 میچز کھیلے جانے تھے۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.