کانز فلم فیسٹول ملتوی

دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے کا اعزاز رکھنے والے معروف کانز فلم فیسٹول کو کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیا گیا۔

تقریبا 3ہفتوں تک جاری رہنے والے کانز فلم فیسٹول میں دنیا بھر سے شوبز و فیشن کی دنیا کی شخصیات شرکت کرتی ہیں جب کہ اس میں فلموں کی نمائش سمیت متعدد شعبہ جات میں ایوارڈز بھی دیے جاتے ہیں۔

یہ فیسٹول ہر سال موسم بہار میں یورپی ملک فرانس کے شہر کانز میں سجتا ہے، جہاں دنیا بھر کے ستارے 2 ہفتوں سے زائد دن کے لیے جمع ہوتے ہیں،اس سال کانز فلم فیسٹول کا میلہ آئندہ ماہ مئی میں سجنا تھا تاہم دنیا بھر میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے اسے موخر کردیاگیا۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کانز فلم فیسٹیول کا انعقاد آئندہ ماہ 12 سے 23 مئی تک ہونا تھا تاہم اب کورونا وائرس کی وجہ سے فلم فیسٹول منعقد نہیں ہوگا۔

انتطامیہ نے واضح کیا کہ کانز فلم فیسٹول کا ہر سال ہونے والا میلہ اب جون کے آخر یا پھر جولائی کے آغاز یا وسط میں ہوگا تاہم اس حوالے سے فی الحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کانز فلم کو ملتوی کیےجانے سے قبل ہی فرانس سمیت دیگر یورپی ممالک اور امریکی ممالک سمیت دنیا بھر میں ہونے والے فلم و میوزک فیسٹیولز کو ملتوی کردیا گیا تھا۔

جب کہ اب خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ تین سے 4 ماہ کے دوران دیگر فلمی میلے اور میوزک فیسٹیولز کو بھی موخر کردیا جائے گا،فرانسیسی حکومت نے پہلے ہی ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے باعث لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جب کہ ملک بھر میں جزوی لاک ڈاون بھی نافذ ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.