انڈر سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں
امن مشنز میں پاکستان کا کردار نمایاں ،وزیر خارجہ، امن کوششیں تسلیم،انڈر سیکرٹری اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے عالمی امن کیلئے اپنا کردارادا کرتے رہیں گے ،آرمی چیف
اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن مشن جین پیرے نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں،پیر کے روز انڈر سیکرٹری جنرل نے نگران وزیر خارجہ عبداللہ ہارون سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان مختلف فورمزپرموثرکردارادا کررہاہے ، امن مشن میں پاکستان کاکردارنمایاں ہے ۔ انڈر سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان کی امن کیلئے کوششوں کوتسلیم کرتے ہیں ،انہوں نے امن مشنوں میں 156 پاکستانی اہلکاروں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا،انہوں نے کہا ہم شہدا کے خاندانوں کے شکر گزار ہیں۔یو این انڈر سیکر ٹری جنرل نے وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی،انڈر سیکرٹری کی سربراہی میں اقوام متحدہ کے امن مشن نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا ۔ یواین انڈرسیکرٹری نے نسٹ میں مرکز برائے عالمی امن و استحکام کا بھی دورہ کیا ،انہیں بتایاگیا کہ سنٹر 2013 میں قائم ہوا جس کاافتتاح یواین سیکر ٹری جنرل بانکی مون نے کیاتھا۔ انڈرسیکرٹری نے طلبا اور فیکلٹی ممبرز سے گفتگو کی اور عالمی امن میں پاک فوج کی کاوشوں کا اعتراف کیا، انہوں نے کہا پاکستان نے امن مشنز میں کئی جانیں بچائیں اور بے پناہ قربانیاں دیں۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کے انڈر سیکرٹری جنرل برائے امن مشن جین پیرے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور ان سے خطے میں قیام امن کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا ، اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کے حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور امن مشن میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا ہے گا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے جھنڈے تلے عالمی امن کیلئے پہلے کی طرح آئندہ بھی اپنا کردار نبھاتا رہے گا، کیونکہ امن مشن کیلئے فوج فراہم کرنیوالوں میں سب سے زیادہ فوج دینے والا ملک پاکستان ہے ، اس موقع پر انڈر سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عالمی امن مشن میں پاک فوج کی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔بعد ازاں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
Email This Post