ملائشین وزیراعظم سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ 23 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے،ذرائع

ملائشین وزیراعظم مہاتیرمحمد سرمایہ کاروں کے وفد کے ہمراہ 23 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے، جس میں سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون کے معاہدے کیےجائیں گے۔

تفصیلات پاکستان میں غیر ملکی سربراہان مملکت کی آمد کاسلسلہ جاری ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد 23 مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے، مہاتیر محمد کے ہمراہ سرمایہ کاروں کا وفد بھی پاکستان آئےگا، اس دوران سرمایہ کاری اور دو طرفہ تعاون کے معاہدے کیے جائیں گے۔

مہاتیر محمد وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر دورہ کریں گے۔

خیال رہے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے جبکہ ابوظہبی کے ولی عہد رواں ماہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں۔

یاد رہے 20 نومبر کو وزیراعظم پاکستان کا دارالحکومت کوالالمپور پہنچنے پر بھی ملائشین ہم منصب نے پرتپاک استقبال کیا تھا، وزیراعظم عمران خان اور ڈاکٹر مہاتیر محمد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی، دونوں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا مہاتیر محمد اور انہیں کرپشن کے خلاف ووٹ ملے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملائشین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی ، جسے انہوں نے قبول کرلیا تھا، ملائشین وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

دورہ ملائیشیا کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دفاع، تعلیم، سیاحت، کرپشن کے خاتمہ اوردیگرامورمیں تعاون پراتفاق کیا، ملائیشیا نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاکستان کی کامیاب کوششوں کوسراہا۔

پاک ملائیشیا وزرائےاعظم کی روابط بڑھانےکی ضرورت پرزور دیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کےجزوی خاتمہ کا معاہدہ بھی ہوا، ویزوں کے جزوی خاتمے کے معاہدے سے دوطرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی جبکہ آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان، ملائیشیا پہلی مشترکہ مشاورت کے انعقاد پر بھی اتفاق ہوا۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے مہاتیر محمد کو آگاہ کیا گیا اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے او آئی سی کا کردار بھی زیر غور آئے۔

بعد ازاں ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران کا ملائیشیا کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کا وفد کے ہمراہ دورہ سود مند ثابت ہوگا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.