سعودی وزیر پٹرولیم وتوانائی آئل ریفائنری کی جگہ دیکھنےگوادر پہنچ گئے

سعودی وزیر پٹرولیم وتوانائی خالد بن عبد العزيز الفالح  آئل ریفائنری کی جگہ دیکھنےگوادر پہنچ گئے ، سعودی وزیراور وفدگوادر پورٹ کا دورہ کرے گا، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ عنقریب گوادرمیں اسٹیٹ آف آرٹ ریفائنری بنائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی سعودی وزیر پٹرولیم وتوانائی اپنے وفد کے ہمراہ گوادر پہنچ گئے، وفاقی وزرا غلام سرور اور علی زیدی نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ اسکول کےبچوں نے سعودی مہمانوں کو گلدستہ پیش کیا۔

وفاقی و صوبائی سیکریٹریز، وزراء بھی ایئرپورٹ پر موجود ہے، سعودی وزیراور وفدگوادر پورٹ کا دورہ کرے گا۔

سعودی وزیر پٹرولیم وتوانائی کی آمد سے قبل وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیرگوادر میں آئل ریفائنری کی جگہ دیکھنے آ رہے ہیں ، عنقریب گوادرمیں اسٹیٹ آف آرٹ ریفائنری بنائی جائے گی، منصوبہ سعودی عرب کی پاکستان میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔

وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا تھا کہ آئندہ ماہ سعودی شہزادےکی آمد پردستخط متوقع ہیں، پاکستان کے سعودی عرب سےخصوصی تعلقات ہیں۔

خیال رہے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں‌ گے، دورے میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 15ارب ڈالر تک کی تاریخی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع ہے جبکہ ان منصوبوں کے تحت گوادر میں پیٹروکیمیکل کمپلکس تعمیرکیا جائے گا اور آئل ریفائنری بھی اس پراجیکٹ کا حصہ ہوگی۔

یاد رہے یکم جنوری کو وزیرِ اعظم عمران خان اور سعودی سفیر کے درمیان ملاقات ہوئی تھی ، جس میں سعودی عرب کی جانب سے وزیرِ اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور نواف المالکی نے سعودی قیادت کا خصوصی پیغام بھی وزیرِ اعظم کو پہنچایا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری سے متعلق مسلسل رابطے جاری ہیں، سعودی قیادت پاکستانی حکومت کو پہلے بھی پیغامات بھجوا چکی ہے، سعودی عرب کی جانب سے جلد پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔

واضح رہے وزیرِ اعظم عمران خان نے گزشتہ برس اکتوبر میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور اس موقع پر برادر ملک نے ایک سال کے لیے پاکستان کے اکاؤنٹ میں 3ارب ڈالر ڈپازٹ رکھنے اور 3 سال تک سالانہ 3 ارب ڈالر کا تیل ادھار پر دینے کے لیے رضا مندی ظاہر کر دی تھی، جس کے بعد سعودی عرب پاکستان کو پہلے ہی 3 ارب ڈالرمیں سے 2 ارب ڈالرفراہم کر چکا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے دورۂ سعودی عرب میں دونوں ممالک کے درمیان دس ارب ڈالر کا ایک اقتصادی پیکج طے ہو ا تھا، جس کے تحت گوادر میں آئل سٹی بنایا جائے گا جو سی پیک کا حصہ ہوگا۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.