حکومت نے رواں برس حج کے موقع پر فی عازم 45 ہزار روپے سبسڈی دینے پر غور شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میڈیا پر پہلے ہی خبریں چل رہی ہیں کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی تیزی سے گرتی قدر کی وجہ سے رواں برس سرکاری حج اسکیم کے اخراجات میں تقریباً ایک لاکھ روپے اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے رواں برس حج کا ارادہ کرنے والے عازمین بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں جس کے بعد حکومت نے مشاورت کے بعد حج پر سبسڈی دینے پر غور شروع کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے حج پر سبسڈی دینے سے متعلق تجاویز تیار کرلی ہیں اور فی عازم 45 ہزار روپے سبسڈی دینے کی سفارش کی ہے۔ اس حوالے سے وزارت مذہبی امور اور وزارت خزانہ کے درمیان حج سبسڈی کے معاملے پر مشاورت ہوگی۔ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور وزیر خزانہ اسد عمر کے درمیان ملاقات آیندہ ہفتے ہوگی جس میں مشاورت کے بعد حج پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اگر حج پر سبسڈی منظور نہ ہوئی تو سرکاری حج کا خرچہ 4 لاکھ 20 ہزار فی عازم سے بھی تجاوز کرسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ عازمین حج پر کم بوجھ ڈالنے کے لیے گزشتہ سال بھی مسلم لیگ ن کی حکومت نے خصوصی گرانٹ دی تھی۔