وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جرمنی روانہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جرمنی روانہ ہو گئے جہاں وہ عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان میں سیکیورٹی صورت حال سے متعلق جرمنی کے شہر میونخ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

شاہ محمود قریشی میونخ میں روس، جرمنی، ازبکستان اور کینیڈا سمیت مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملیں گے اور امریکی کانگریس اور سینیٹ کے ارکان کے ساتھ بھی بات چیت کریں گے۔

شاہ محمود قریشی میونخ کانفرنس میں افغانستان سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔

وزیرخارجہ کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں استحکام لانے کے لیے امن کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری سمیت متعدد رہنماؤں نے افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے پاکستان کے اندورنی معاملات پرتبصرے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر کی ٹویٹ کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات ہمارے معاملات میں مداخلت کے مترادف ہیں، افغان قیادت کو چاہیے کہ افغان عوام کے دیرینہ مسائل اور مصائب پر توجہ دے۔

 

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.