دُبئی میٹرو سٹیشنز پرصفائی کا کام روبوٹس نے شروع کر دیا
یہ اقدام مملکت میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے رواج کے لیے اُٹھایا گیا ہے
دُبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ایک انقلابی قدم اُٹھاتے ہوئے میٹرو سٹیشنز پر صفائی کا کام جیتے جاگتے انسانوں سے لے کر روبوٹس کے حوالے کر دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق یہ اقدام مملکت میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کو رواج دینے کے غرض سے لیا گیا ہے۔ جس کا مقصد سمارٹ دُبئی کی سٹریٹجک ہدف کا حصول ہے۔اتھارٹی کے مطابق روبوٹس سے صفائی کا کام لینے کا یہ اقدام تجرباتی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے جو کہ دُنیا بھر اپنی نوعیت کا اولین تجربہ ہے۔ دُنیا کے کسی بھی اور میٹرو اسٹیشنز پر روبوٹس سے صفائی کروانے کا ابھی تک کوئی اور تجربہ سامنے نہیں آیا۔ اگر یہ تجربہ کامیاب ثابت ہوا تو پھر اُسے دُوسرے میٹرو سٹیشنز پر بھی لاگو کیا جائے گا۔
یہ کلینر روبوٹس بین الاقوامی معیارات کے مطابق ڈیزائن کیے گئے ہیں، جو بہت تیزی اور ٹھیک ڈھنگ سے فرشوں کی صفائی اور دُھلائی کر سکتے ہیں، اس معاملے میں اُنہیں کسی قسم کی انسانی مدد کی ضرورت نہیں ہو گی، البتہ صرف مشینوں میں پانی بھرنے اور پروگرامنگ کا کام ملازمین کی جانب سے ہی انجام دیا جائے گا۔
یہ روبوٹس دُھلائی کے دوران پانی کی کم سے کم مقدار استعمال کریں گے۔ جبکہ ان میں سٹیریلائزنگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ ان روبوٹس میں مختلف قسم کے سینسرز اور سونر ریسورز نصب ہیں جو انہیں بیریئرز کی نشاندہی بھی کرتے ہیں اور لوگوں یا اشیاء سے ٹکراؤ سے بھی بچاتے ہیں۔ ہر روبوٹ میں 90 لٹر پانیکی کپیسٹی والا واٹر ٹینک بھی نصب ہے۔ اتھارٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی عوام کی سہولت کے لیے ایسی جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.