وزیراعظم عمران خان کا گیس صارفین کو وصول کی گئی اضافی رقم واپس کرنے کا حکم
وزیراعظم عمران خان نے صارفین کو گیس کے اضافی بل بھیجے جانے پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے 30فیصد صارفین کو وصول کی گئی اضافی رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اووربلنگ پر اجلاس ہوا، جس میں گیس بلوں میں اضافے سے متعلق انکوائری رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی گئی۔
وزیراعظم نے صارفین کو اضافی بل بھیجے جانے پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے 30 فیصد صارفین کو وصول کی گئی اضافی رقم واپس کرنے کا حکم دے دیا اور کہا جن سے زائد رقم وصول کی گئی انہیں واپس کی جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ذمےداران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا اضافی بل بھیجے جانے میں ملوث افسران کےخلاف کارروائی کی جائے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری رکھی جائیں تاکہ تمام حقائق سامنے آئیں۔
یاد رہے 15 فروری کو وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کا نوٹس لیتے ہوئے گیس کے حالیہ بحران پر سخت تشویش کااظہار کیا اور کہا تھا گیس کی قلت دور ہونے تک خود معاملات کو مانیٹرنگ کروں گا، متعلقہ محکمے گیس بحران کے فوری خاتمے کے لئے وسائل استعمال کریں۔
اس سے قبل 12 فروری کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت گیس بحران اور اووربلنگ سے متعلق اجلاس ہوا تھا ، جس میں وزیرِ اعظم نے گیس کی چوری کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم دیا تھا جبکہ فوری طور پر 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مزید منگوانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
خٰیال رہے وزیراعظم نے گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر پیٹرولیم کو فوری طور پر انکوائری کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا کہ عوام پرگیس کی قیمتوں کا اضافی بوجھ ڈالنا غیر مناسب ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.