پاکستان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے،او آئی سی

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت کا عزم دہرایا گیا اور کشمیری عوام کی حمایت پر مبنی قرارداد منظور کی گئی۔قرارداد میں رکن ممالک نے زور دیا کہ جموں و کشمیر، پاکستان اور ہندکے درمیان بنیادی تنازع ہے۔ جنوبی ایشیا میں امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے اس کا حل ناگزیر ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ قرارداد میں کشمیر میں ہندوستانی دہشت گردی کی حالیہ لہر کی سخت مذمت بھی کی گئی۔ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔قرارداد میں عالمی برادری پر زور دیاگیاکہ وہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں او آئی سی کے رکن ممالک نے پاکستان کی پیش کردہ نئی قرارداد بھی منظور کی۔ ہندکی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے ۔ہندپر زور دیا گیا کہ وہ دھمکی اور طاقت کے استعمال سے گریز کرے۔قرارداد میں وزیر اعظم عمران خان کی ہند کو مذاکرات کی پیشکش اور جذبہ خیر سگالی کے تحت ہندوستانی پائلٹ کی واپسی کے اقدامات کو سراہا گیا۔قرارداد میں تحمل کا مظاہرہ کرنے، کشیدگی کم کرنے اور پرامن طریقے سے تمام تصفیہ طلب مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان کے تعمیری کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اسے ‘آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن’ کا رکن منتخب کرلیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے وزارت کی سطح پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کا بائیکاٹ کیا تھا۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.