وزیراعظم کی اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کوماڈل سٹی بنانے کے لئے علی اعوان کو اقدامات تیزکرنےکی ہدایت کردی اور کہا انتظامیہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد کے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں وزیرصحت عامرکیانی ، علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز موجود تھے جبکہ معاون خصوصی نعیم الحق، کمشنراسلام آباد عامر احمد علی نے بھی شرکت کی۔
ملاقات میں اسلام آباد کے ماسٹر پلان کی تبدیلی کے لئے کمیشن کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا اسلام آباد دنیا کے خوبصورت شہروں میں سے ایک ہے، شہر کی خوبصورتی بڑھانے سمیت ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے، مقامی افراد کو صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔
وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے علی اعوان کو اقدامات تیزکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا انتظامیہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کرے۔
یاد رہے دو روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ مستقبل کے شہروں سے متعلق میرا ایک وژن ہے، میرا وژن ہے شہروں میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی اجازت ہو۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بڑی عمارتوں کے سامنے سبزہ زار کے لیے زیادہ جگہ مختص کی جائے، پاکستان ماحولیاتی آلودگی سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، عمارات کی تعمیر کے لیے عالمی معیار کے سیفٹی اسٹینڈرز کے لیے قانون سازی کر رہے ہیں۔
واضح رہے نومبر 2018 میں حکومت نے ملک کے دار الحکومت اسلام آباد کا ماسٹر پلان تبدیل کرنے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شہر کا ماسٹر پلان تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ماسٹر پلان میں تبدیلی کے لیے بڑی آرکیٹیکٹ فرم کی خدمات لی جائیں گی، شہر کا ماسٹر پلان 20 سال کے بعد تبدیل ہونا تھا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس میں کہا کہ اسلام آباد کو ماڈل شہر بنایا جائے گا، من پسند تبدیلیوں نے شہر کا نقشہ بگاڑ دیا ہے، ماسٹر پلان میں تبدیلی شہریوں کے مفاد میں کی جا رہی ہے، اسلام آباد کا ماسٹر پلان تبدیل کرنے سے مقامی لوگوں کے مسائل میں کمی آئے گی۔
علی اعوان کا کہنا تھا ماسٹر پلان کی تبدیلی پر کام تیزی سے جاری ہے، شہر کا موجودہ ڈھانچہ مکمل طور پر تبدیل کیا جارہا ہے۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.