نواز شریف طبی معائنے کے لیے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس پہنچ گئے

 سابق وزیراعظم نواز شریف طبی معائنے کے لیے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس پہنچ گئے ، جہاں ان کا تفصیلی معائنہ ہوگا، ڈاکٹروں نے نوازشریف کوادویات جاری رکھنے اور مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف چار دنوں میں دوسری بار میڈیکل چیک اپ کے لیے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس پہنچ گئے ، جہاں ڈاکٹر ز ان  کا تفصیلی طبی معائنہ کریں گے،   اس موقع پر  ن لیگی کارکنوں کا شریف میڈیکل سٹی میں داخلہ بند کردیا گیا ، کسی لیگی کارکن کو داخلےکی اجازت نہیں۔

خیال رہے لیگی کارکنوں نےنواز شریف کے علاج کے دوران جناح اسپتال کے شیشےتوڑےتھے اور لیگی کارکنوں کی ہلڑ بازی ڈاکٹروں اور مریضوں کے لیے مشکلات کاسبب بنی تھیں۔

گذشتہ روز جاتی امرا میں ہی نوازشریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا تھا ، شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس کے ڈاکٹروں پر مشتمل پینل نے ٹیسٹ لیے، بلڈ ٹیسٹ، شوگر اور دل کی دھڑکن چیک کی گئی، ڈاکٹروں کی ٹیم نے نوازشریف کوادویات جاری رکھنے اور مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا۔

یاد رہے ضمانت کے بعد 28 مارچ کو سابق وزیراعظم نے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس میں ڈاکٹروں سے ملاقات کی، ڈاکٹروں نے نوازشریف سے ان کی صحت سے متعلق سوالات کیے جبکہ ٹیسٹ بھی کیے گئے تھے ، ان کے ذاتی معالج ڈاکٹرعدنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا مسلم لیگ ن کے قائد کی حتمی رپورٹ آنے کے بعد لندن میں ان کے معالج ڈاکٹرلارنس سے رابطہ کیا جائے گا اور ان سے علاج کے حوالے سے مشاورت بھی کی جائے گی۔

واضح رہے 26 مارچ کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے نوازشریف کو 6 ہفتوں کے لیے طبی بنیادوں پرضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم وہ ان کے بیرون ملک سفر کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.