امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچیں گے

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچیں گے، ان کا دورہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے پیش نظر انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد آج اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، اس حوالے سے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد اعلیٰ سول وعسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

زلمے خلیل زاد آج دوپہر میں دفتر خارجہ آئیں گے، زلمےخلیل زاد کی وزارت خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات شیڈول ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی عہدیدار کا دورہ پاکستان انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہے، زلمے خلیل زاد افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر پاکستانی عہدیداران سے اہم مشاورت کریں گے، بعد ازاں وہ اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے دوحہ کے لیے روانہ ہوں گے۔

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان براہ راست بات چیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہتر اقتصادی تعاون پورے خطے کو آگے لے کر جائیں گے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل کا سہولت کار ہے ضامن نہیں ہے، پاکستان تنہا کچھ نہیں کرسکتا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.