سندھ حکومت کا پلاسٹک کی تھیلوں پر مکمل پابندی کا اعلان

محکمہ ماحولیات سندھ نے پلاسٹک کی تھیلوں پر مکمل پابندی لگانے کا اعلان کردیا،پابندی کا اطلاق رواں سال یکم اکتوبر سے ہوگا۔

مشیر ماحولیات اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں پلاسٹک کی تھیلیوں کی تیاری، فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔ پابندی کا فیصلہ محکمہ ماحولیات حکومت سندھ نے کیا ہے۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ محکمہ ماحولیات نے پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال کے سدباب کے لئے عوامی آگاہی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

محکمہ ماحولیات کے تحت مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کلفٹن تین تلوار پر شہریوں میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کئے۔

شہریوں کی جانب سے محکمہ ماحولیات کی اس مہم کی پزیرائی کی گئی۔

مشیر ماحولیات کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی کپڑے کے تھیلے تقسیم کئے جائین گے، کپڑے کے تھیلوں کی تقسیم کا مقصد پلاسٹک کی تھیلوں کا استعمال روکنا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام اس آگاہی مہم میں سندھ حکومت کا ساتھ دیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پلاسٹک کی تھیلیاں بنانے والے کارخانے داروں، دکانداروں اور قومی میڈیا سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ کارخانے داروں، دکانداروں اور میڈیا کے تعاون کے بغیر مہم کا کامیابی سے ہمکنار ہونا ممکن نہیں، اپنے بہتر مستقبل کے لئے سندھ حکومت کا ساتھ دیں، پلاسٹک کی تھیلیوں کا استعمال پہلے سے ممنوع ہے ہم اس پر عملدرآمد کروانا چاہتے ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ یکم اکتوبر کے بعد قانون حرکت میں آئیگا،پابندی کے اطلاق کے بعد ممنوعہ پلاسٹک کی تھیلیاں استعمال، بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ پلاسٹک کی تھیلیاں ماحولیاتی آلودگی کا سبب ہیں، کراچی کے 50 فیصد سے زائد برساتی نالے چوک ہونے کی ایک وجہ پلاسٹک کی تھیلیاں ہیں۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.