اساتذہ قوم کے محسن ہیں، کامیابی کے حصول میں سیڑھی کا کردار ادا کرتے ہیں، وزیراعظم

 وزیراعظم عمران خان نے اساتذہ کو عالمی دن پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا اساتذہ قوم کے محسن ہیں، کامیابی کے حصول میں سیڑھی کا کردار ادا کرتے ہیں ، پیغمبری پیشے سے وابستہ ہونا بذات خود ایک بڑا اعزاز ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اساتذہ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ان ہستیوں کو خراج تحسین جو قوم کے مستقبل کے معمار کہلاتےہیں، مقدس پیشے سے وابستہ افراد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے افراد نوجوان نسل کےاعلیٰ کردارکی تشکیل کےلیےکوشاں ہیں، اپنےتمام اساتذہ کوبھی خصوصی طورپرخراج تحسین پیش کرتاہوں، اساتذہ قوم کے محسن ہیں اور کامیابی کے حصول میں سیڑھی کا کردار ادا کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پیغمبری پیشے سے وابستہ ہونا بذات خودایک بڑا اعزاز ہے، اساتذہ کی قدر و منزلت کو یقینی بنانا نیا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت عارف علوی نے عالمی یوم اساتذہ پر پیغام میں کہا اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں، کوئی بھی قوم اساتذہ کی خدمات کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، اساتذہ کی قومی ترقی کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

خیال رہے اساتذہ کا عالمی دن ہر سال 5 اکتوبر کو منایا جاتا ہے جس کی ابتداء 1994 سے ہوئی تھی۔ یونیسکو، یونیسف اور تعلیم سے منسلک دیگر اداروں کی جانب سے اس دن جہاں اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے وہاں ان مسائل کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے جو انہیں درپیش ہیں۔

استاد ایک اچھے تعلیمی نظام کا بنیادی عنصر، اس کی روح ہیں اور جب تک اساتذہ کو معاشرے میں عزت نفس نہیں ملتی، وہ مقام نہیں ملتا جس کے وہ مستحق ہیں، وہ اپنے فرائض کو بخوبی انجام نہیں دے سکتے۔

Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.