قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے چھٹے راؤنڈ کا پہلا روز، زین عباس ، نوید یاسین کی سنچریاں
سندھ کے عماد عالم کی خیبرپختوانخوا کے خلاف سنچری،خیبرپختونخوا کے آصف آفریدی کے 4 شکار
این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کے 363 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 16 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مڈل آرڈر بیٹسمین زین عباس اور کپتان نوید یاسین کی سنچریوں کی بدولت سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر363رنز بنائے۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 179 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔ زین عباس نے 11 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 116رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان نوید یاسین نے 106 گیندوں پر12 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 108رنز بنائے۔ بلوچستان کے اسپنرز ابتسام شیخ اور جلات خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بلوچستان کی جانب سے شہزاد ترین اور اسامہ رزاق 16 کے مجموعی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔
دوسری جانب ایل آر سی اے اتفاق گراؤنڈ میں سنٹرل پنجاب نے ناردرن کے خلاف پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بنائے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 44 رنز پر ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے بعد مڈل آرڈر بیٹسمین محمد سعد نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے محمد اخلاق اور سعد نسیم کے ہمراہ بالترتیب 95 اور 67 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ میں سنٹرل پنجاب کی پوزیشن مستحکم کردی۔محمد سعد نے 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 132 رنز بنائے۔ چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے آلراؤنڈر عرفان نیازی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 گیندوں پر85 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ ناردرن کی جانب سے اسپنر اسامہ میر نے 111 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ناردرن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز کاآغاز کھیل کے دوسرے روز کرے گی۔ادھر یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں خیبرپختوانخوا نے ناردرن کے 278 رنز کے جواب میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 14رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 20 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد سندھ کی جانب سے عماد عالم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری کی۔ عماد عالم نے 19چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 144 رنز کی اننگز کھیلی۔سندھ کا کوئی اور بلے باز زیادہ دیر پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 77.1 اوورز میں 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے اسپنر آصف آفریدی نے 96 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جواب میں خیبرپختوانخوا نے پہلے روز کے اختتام تک 6 اوورز میں 14 رنز بنالیے ہیں اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.