پی آئی اے کا تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ

پاکستان کی قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 22 مارچ سے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ حکومت پاکستان کی ہدایت پر 22 مارچ سے 28 مارچ تک تمام بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اس سے قبل اسلام آباد، لاہور اور کراچی کے علاوہ تمام ہوائی اڈوں کے لیے بین الاقوامی پروازیں معطل کر نے کا فیصلہ کیا تھا۔ 
بعد ازاں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تربت اور گوادر کے علاوہ باقی تمام ہوائی اڈوں سے 22 مارچ سے بین الاقوامی پروازیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تاہم اس میں یہ شرط عائد کی گئی تھی کہ بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ دیکھنے کے بعد بورڈنگ پاس دیا جائے گا۔
دوسری جانب مقامی میڈیا میں کورونا وائرس ٹیسٹ کی شرط ختم کرنے کی خبریں بھی گردش میں ہیں۔ ان خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی رانا مجتبٰی نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے پاکستانیوں کے لیے پاکستان آنے سے قبل کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی شرط اب بھی برقرار ہے اور اس شرط کو کسی صورت ختم نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مزید سخت اقدامات کرے گی۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کو بند کرنے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
Email This Post

آپ یہ بھی پسند کریں گے مصنف سے زیادہ

تبصرے بند ہیں.