سعودی وزیر توانائی انجینیئر خالد الفا لح نے گوادرپورٹ کا دورہ کیا ۔ پورٹ کے ذمہ داران سے ملاقات کی۔دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع اور مستقبل کے مطلوبہ منصوبوں کا جائزہ لیا ۔ قبل ازیں ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرورخان اور وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے استقبال کیا۔ جی پی اے چیئرمین دوستین خان جمالدینی اور جی ڈی اے کے ڈی جی ڈاکٹر سجاد بلوچ نے وفد کو گوادر پورٹ اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب خطے کے امن اور استحقام کیلئے اہمیت کے حامل ممالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ اہم خطے میں واقع ہے۔پاکستان ، چین اور سعودی عرب کی دوستی اور باہمی اشتراک عالمی مثال ہوگا۔ وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ سعودی عرب کی شمولیت سے سی پیک منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔پاکستان میں ایگریکلچر کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو پاکستان میں زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔وفاقی وزیرنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب گوادر میں آئل سٹی کے قیام کے لئے اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔