آزاد کشمیر اور مری میں برف باری، لیپہ کا زمینی رابطہ منقطع
وادی کوہسار مری اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری ہورہی ہے، برف باری کی وجہ سے وادی لیپہ کا مسلسل ایک ہفتے سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔
گلگت بلتستان میں استور، دیامر سمیت مختلف مقامات پر ایک بار پھر برف باری شروع ہو گئی، بلوچستان کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارش ہو رہی ہے۔
آزاد کشمیر میں باغ، ہٹیاں بالا، وادی گریز، وادی شونٹر، وادی نیلم، وادی لیپہ سمیت بالائی علاقوں میں برف باری جاری ہے۔
وادی لیپہ کا ایک ہفتے سے زمینی رابطہ منقطع ہونے سے علاقے میں خوراک کی کمی شروع ہو گئی ہے، لوگ اس خون جما دینے والے موسم میں بلند پہاڑی درے کو پیدل عبور کرنے پر مجبور ہیں۔
محکمہ شاہرات کے مطابق اب تک 7کلو میٹر کا علاقہ برف ہٹا کر کلیئر کیا گیا ہے، مزید 5کلو میٹر پر کام جاری ہے۔
استورمیںایک دن موسم صاف رہنے کے بعد دوبارہ مختلف علاقوں میں برف باری کا آغاز ہو گیا ہے، نانگا پربت، فیری میڈو، بابوسر، بٹوگاہ ٹاپ پر بھی برف باری ہو رہی ہے۔
صوابی اور گرد و نواح میں ہلکی بارش سے موسم سرد ہو گیا، خیبرپختون خوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم ابر آلود ہے۔
مری اور گردونواح میں رات گئےبرف باری کے بعد آج موسم ابر آلود ہے، شہر اور گرد و نواح میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔
چمن اور ملحقہ علاقوں میں رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، کان مہتر زئی کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔
اسلام آباد شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔
آج بھی ملک کے اکثرعلاقوں میں سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور برف باری کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے سرد مقام بگروٹ رہا جہاں درجۂ حرارت منفی 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
استور اور گوپس میں منفی 10، کالام اور اسکردو میں منفی 9، ہنزہ میں منفی 7 ، دیر، گلگت اور مالم جبہ میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت کوئٹہ، مظفر آباد اور فیصل آباد میں ایک، اسلام آباد اور لاہور میں 2، پشاور میں 5، ملتان میں 7، حیدر آباد میں 12 اور کراچی میں14ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
Email This Post
Engage in strategic gameplay and outsmart your opponents Lucky cola